کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر فلسطینی مسلمانوں پر مظالم اور القدس پر حملے کیخلاف کراچی تا کشمور سندھ بھر میں یومِ یکجہتی فلسطین منایاگیا۔نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر اور دیگر اہم پبلک مقامات پر مظاہرے کیے گئے، علمائے کرام نے خطبات جمعہ میں اسرائیلی دہشتگردی کیخلاف اظہار خیال جبکہ احتجاجی مظاہروں میں فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی دہشتگردی کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔
احتجاجی مظاہروں سے جماعت اسلامی کے مرکزی،صوبائی اور ضلعی رہنماوں نے خطاب کیا۔ مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو،صوبائی امیر محمد حسین محنتی،حافظ نعیم الرحمن کراچی،حافظ نصراللہ عزیز لانڈھی،ممتاز حسین سہتو ہالا،کاشف سعید شیخ لاڑکانہ،صوبائی نائب قیم آفتاب احمد ملک ٹنڈوباگو، حاجی دیدار لاشاری جیکب آباد،میرپورخاص مسجد اقصیٰ رفیق چوہان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ احتجاجی مظاہروں سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل کے خلاف واضح، دو ٹوک اور جرات مندانہ موقف اختیار کیے بغیر قبل اوّل کی اول کی آزادی ممکن نہیں کیونکہ قبلہ اول کی آزادی ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے۔
مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے کراچی میں منعقدہ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول مسجد اقصیٰ پر گذشتہ کئی دنوں سے اسرائیلی دہشتگرد یہودی فوج نے نمازیوں پر تشدد، گرفتاریوں،مسجد کی بے حرمتی کی انتہا کردی ہے ایک ماہ میں دودرجن معصوم فلسطینی نوجوان، بزرگ، بچے اور خواتین کو شہید کیا گیا ہے لیکن عالمی طاقتیں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے جو ان کے دہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے ان کے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے روزانہ کئی گھرانوں کو بموں کے ذریعے اجاڑ دیا جاتا ہے،انھوں نے کہاکہ مسلم ممالک او آئی سی کانفرنس بلائیں اور مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف اپنے واضح موقف کا اعلان کریں۔
بیت المقدس میں انسانی حقوق کی شدید طور پر ہونے والی خلاف ورزیوں میں وہاں بسنے والے فلسطینی باشندوں کو رہنے کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے جب کہ مسجد اقصیٰ پر حملہ اور نمازیوں پر بدترین تشدد،گرفتاریاں فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت پر ایک اور وحشتناک حملہ ہے۔جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے لال مسجد کراچی میں نماز جمعہ کے خطبے میں کہا کہ گذشتہ 74سال سے مسلمانوں کو ٹارگٹ، مکانات مسمار،خواتین اور بچوں پر مظالم کو شہید کیا جارہا ہے ، ان تمام حالات میں مسلمان عزم وحوصلے کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں، گذشتہ ایک ہفتے سے مسجد اقصیٰ کے دروازے بند، مسلمانوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، ہم سب کا عزم ہے کہ ہم مسجد اقصیٰ کو آزاد کروائیں گے، فلسطین کے عوام کا جذبہ جہاد اور ان کا عزم ہے کہ وہ فلسطین کو آزاد کرنے کیلئے اپنے خون کا آخری قطرہ بھی بہادیں گے، مسلمانان پاکستان پر فرض ہے کہ وہ اس نازک موقع پر گھروں سے نکلیں اور اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی،قبلہ اول کی آزادی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے ہالامیں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلسطین کے مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے گذشتہ کئی دہائیوں سے ظالم اسرائیلی فورسز سے قبلہ اول کی آزادی کیلئے جنگ جاری رکھی ہوئی ہے جس میں عظیم قربانیاں دی ہیں، اس رمضان المبارک میں بھی ان پر کربلا برپا ہے لیکن عالمی ضمیر،عالمی میڈیا،عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں سب کی سب خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔مجاہدین کی جذبہ آزادی اور حوصلے کی بدولت ایک دن ان شائ اللہ قبلہ اول آزاد ہوگا، قبلہ اول کی آزادی کیلئے جدوجہد ہم سب مسلمانوں پر فرض ہے اسلئے ہمیں اپنے مظلوم بھائیں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔
جماعت اسلامی لاڑکانہ کی طرف سے بعد نماز جمعہ فاران جامعہ مسجد سے فلسطین کی حمایت میں زیر قیادت محترم کاشف سعید شیخ جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی ناجائز ریاست قابض، دہشتگرد اور انسانیت کیلئے خطرہ ہے گذشتہ کئی دہائیوں سے مظلوم فلسطینی عوام کا خون بہایاجارہا ہے، مساجد شہید اور بچوں کا قتل عام کیا جارہا ہے لیکن دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، قبلہ اول ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے جس کیلئے پاکستان کے عوام کسی قربانی سے ذریغ نہیں کریں گے، حکمران فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلئے عالم اسلامی اور عالمی فورمز پر بھرپور آواز اٹھائیں۔
میرپوخاص میں یکجہتی فلسطین کے سلسلے میں منعقدہ مظاہرے سے حاجی نورالہیٰ مغل،ظفراقبال اور رفیق چوہان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہتے فلسطینی نمازیوں پر وحشیانہ فائرنگ اور تشدد دہشت گردی ہے۔ عالمی رہشت گرد اسرائیل کی قبلہ اول بیت المقدس کی بے حرمتی پر دنیا بھر کی خاموشی شرمناک ہے۔انسانی حقوق کے نام نہاد اداروں کو اسرائیل کی بدترین سفاکیت نظر نہیں آرہی۔ او آئی سی اور اقوام متحدہ کے ادارے اسرائیل کے سہولت کا کردار ادا کر رہے ہیں،مسجد اقصیٰ پر حملے سے دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں دل غمگین ہیں۔ بدین میں امیر ضلع علی مردان شاہ، جیکب آباد میں حاجی دیدار علی لاشاری، کنری میں امیر ضلع عمرکوٹ خلیل احمد کھوکھر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔