الیکشن کمیشن پارٹی سربراہ کے دیئے گئے ڈیکلریشن کا جائزہ لے سکتا ہے، رضا ربانی


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پارٹی سربراہ کے دیئے گئے ڈیکلریشن کا جائزہ لے سکتا ہے۔

میاں رضا ربانی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن پارٹی سربراہ کے دیئے گئے ڈیکلریشن کا جائزہ لے سکتا ہے، کمیشن بااختیار ہے کہ ڈیکلریشن کے شواہد شکوک و شبہات سے پاک ہوں۔انہوں نے کہا کہ لازمی نہیں کہ پارٹی سے وفا نہ کرنے والا بے ایمان ہو، کاغذات نامزدگی میں دیا گیا حلف پارٹی سے وابستگی کا ہوتا ہے، اصل حلف وہ ہے جو بطور رکن قومی اسمبلی اٹھایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیکل تریسٹھ اے ارکان کو پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ نہ دینے کا خوف دلاتا ہے، ارکان کو علم ہوتا ہے کہ پارٹی کے خلاف ووٹ دیا تو نتائج ہوں گے، اٹارنی جنرل مغربی جمہورریتوں کی مثالیں دیتے رہے جو غیر متعلقہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی جماعتیں دوسرے ممالک کی طرح ادارے نہیں بن سکیں، ریاست ارکان کو ایک سے دوسری جگہ بھیج کر حکومتیں گراتی رہی۔