وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادرپٹیل کا پمزہسپتال کا دورہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل نے صبح سویرے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع پمز ہسپتال کا دورہ کیا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل نے ہسپتال میں آئے ہوئے شہریوں کے مسائل سنے۔عبدالقادر پٹیل پمز کی فارمیسی بھی گئے، انہوں نے ہسپتال میں ادویات کی فراہمی کا جائزہ بھی لیا۔

وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل نے ڈاکٹروں اور مریضوں سے ہسپتال کے مسائل بھی دریافت کیے۔ اس موقع پر انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف انسانیت کی خدمت میں کوتاہی نہ کریں۔

عبدالقادر پٹیل نے یہ بھی کہا کہ مریضوں کے علاج میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔