نوشہروفیروز،گاڑی درخت سے ٹکرا گئی، 2افراد جاں بحق،2زخمی


نوشہروفیروز(صباح نیوز) نوشہرو فیروز میں کار درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ نوشہرو فیروز میں ہالانی کے قریب  پیش آیا، جہاں کار کے درخت سے ٹکرانے سے2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

موٹروے پولیس نے کہا کہ لاشیں ضروری کارروائی کے لئے تعلقہ ہسپتال کنڈیارو منتقل کردی گئیں جبکہ زخمیوں کو  طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت ہونے کی وجہ سے گمبٹ منتقل کیا گیا۔

موٹر وے  پولیس نے بتایا کہ کار میں سوار افراد کراچی سے ضلع لاڑکانہ کے علاقے ڈوکری جا رہے تھے۔

ایک عالمی تحقیقاتی ادارے کے مطابق پاکستان میں ہلاکتوں کا باعث بننے والے پچاس عوامل اوربیماریوں میں ٹریفک حادثات پندرہویں نمبر پر ہیں۔پاکستان میں ایڈز، ناقص خوراک، مرگی، تشدد کئی قسم کے سرطان اور خود کشیوں کی وجہ سے انفرادی طور پر ہونے والی اموات سے ٹریفک حادثات میں مرنے والے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ٹریفک حادثات موٹر سائیکل سواروں آٹو رکشہ والوں اور موٹر کاروں اور وینز چلانے والوں کو پیش آئے اس کے بعد بسوں اور ٹرکوں کے حادثات رپورٹ ہوئے ۔