کراچی (صباح نیوز)سندھ بھرمیں سی این جی دوبارہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے فرنچائز صوبہ سندھ کے تمام سی این جی سٹیشنز کو جمعہ 15 اپریل صبح 8 بجے سے پیر 18 اپریل صبح 8 بجے تک 72 گھنٹوں کے لیے گیس کی فراہمی بند رہے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 08 مارچ کو ایس ایس جی سی نے سندھ بھر میں سی این جی 72 گھنٹوں کے لیے بند کی تھی۔
سوئی گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی بندش گھریلو صارفین کی گیس ضروریات کو پورا کرنا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس بندش کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں گیس بندش جاری ہے، نارتھ کراچی, سر سید ٹاون سیکٹر الیون سی ون، گلستان جوہر بلاک 17 میں گیس پریشر میں انتہائی کمی ہے۔
شہریوں نے کہا کہ کراچی ایس ایس جی سی نے وفاقی حکومت کی ہدایت کے باوجود شہر میں لوڈ شیڈنگ شروع کر دی ہے۔
شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ سردیوں میں گیس کی کمی کو جواز بنا کر 20گھنٹے تک گیس بند کی گئی اب گرمی اور رمضان میں بھی گیس بند کر دی وفاقی حکوت نوٹس لے۔
دوسری جانب تمام جنرل انڈسٹری اور کیپٹو پاور کو اتوار 17 اپریل صبح 8بجے سے اگلے 24گھنٹے کیلئے گیس کی ترسیل بند رہے گی۔