کراچی (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک میں اقتدار پر قبضہ کے لیے ایک ماہ سے جاری ڈرامہ میں کردار نئے کہانی پرانی تھی۔تاریخ اپنے آپ کو دہرا رہی ہے، ساڑھے تین سال قبل جو واقعات ہوئے، وہی آج ہو رہے ہیں۔جب مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف کو عدالت کے ذریعے فارغ کیا گیا تو انھوں نے ”مجھے کیوں نکالا” کا نعرہ لگا کر عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ کو موردالزام ٹھہرایا۔ پی ٹی آئی اس وقت عدلیہ کا دفاع جب کہ ن لیگ جی ٹی روڈ پر مظاہرے کر رہی تھی۔
ان خیالات کا اظہار راشد نسیم نے کراچی میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں عمران خان کی رخصتی کا بندوبست عدلیہ نے کیا اور پارلیمنٹ کے ذریعے انھیں گھر بھیجا گیا۔ اب پی ٹی آئی والے اداروں سے متعلق ماضی میں نواز شریف اور ان کے سپورٹرز کی طرف سے استعمال کی گئی زبان سے بھی زیادہ سخت ردعمل دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک وقت تھا پی ٹی آئی اور پی پی پی نے مل کر چیئرمین سینیٹ منتخب کرایا تھا، اب پی پی پی اور پی ایم ایل ن نے مل کر وزیراعظم بنا لیا۔
کہانی ایک، کردار اور چہروں میں تھوڑی بہت تبدیلی نظر آ رہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اسلام آباد میں تین بڑی جماعتوں کے درمیان لڑائی مفادات کے لیے ہے جسے مختلف رنگ دیے جا رہے ہیں۔عوام کو آنکھیں کھولنی اور دیکھنا چاہیے کہ امریکا کے خلاف حقیقت میں کون کھڑا ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جماعت اسلامی نے ماضی میں ڈٹ کر امریکا کی مخالفت کی اور اب بھی واشنگٹن کی پالیسیوں کے خلاف سب سے توانا آواز بلند کر رہے ہیں۔قوم اگر ملک کو امریکی تسلط سے آزاد کرانا چاہتی ہے تو جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔