کراچی(صباح نیوز)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے طرزِ عمل سے ثابت کیا کہ ان کا جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں۔
قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک پر پورے دن کی کارروائی اور ووٹنگ پر بیان دیتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو سلیکٹڈ وزیر اعظم سے نجات مبارک ہو، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر زرداری کے ساتھ متحدہ اپوزیشن کی متفقہ حکمت عملی بہت بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین، قانون اور جمہوریت کی فتح اور استحکام کا دن ہے، سلیکٹڈ نیازی نے اپنی حکومت کے آغاز سے لیکر آج تک قوم کو پریشانیوں اور ذہنی دبائو کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوںنے کہا کہ سلیکٹڈ نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی پیپلز پارٹی قیادت کی پالیسی ہی درست تھی، آج پاکستان کی تمام جمہوری و سیاسی جماعتوں اور ان کے کارکنوں کے لئے خوشی اور اطمینان کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ نے اپنے طرزِ عمل سے ثابت کردیا کہ وہ سلیکٹڈ ہی تھا، صبح دس بجے سے ابتک پوری قوم کوذہنی تنائو میں رکھنے والے عمران نیازی نے آخر وقت تک آئین، قانون اور جمہوری روایات کی پامالی کی پوری کوشش کی۔
انہوںنے کہا کہ سلیکٹڈ نیازی نے خود استعفیٰ دینے کے بجائے آخر وقت میں سپیکر کو قربانی کا بکرا بنایا جو بزدلی کی انتہا کردی۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی نے اپنے طرزِ عمل سے ثابت کیا کہ ان کا جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں۔