کراچی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ روزہ اللہ کے لئے ہے اور اللہ ہی اس کا بہتر اجر دینے والا ہے۔روزہ بندے میں تقویٰ کی صفات پیدا کرتا ہے اور اللہ کو تقویٰ بہت پسند ہے۔روزہ انسان میں عاجزی انکساری کی صفات پیدا کرتا ہے۔رمضان میں بندہ رب کے قریب ہوجاتا ہے۔رمضان میں قرآن سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے زمان ٹاؤن کورنگی میں دعوت افطار سے خطاب کے دوران کیا۔۔اس موقع پر ناظم علاقہ کورنگی شرقی محمد شعیب ایاز راجہ ناظم حلقہ خلیل احمد بھی موجود تھے۔انہو ںنے کہا کہ رمضان کا مہینہ رب سے وفاداری کا مہینہ ہے۔رمضان کی ساعتوں برکتوں رحمتوں سے مستفید ہوا جائے اور اپنے گناہوں کی معافی مانگی جائے۔روزہ میں ایک دوسرے کے ساتھ شفقت ،محبت اور درگزر سے کام لیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ عوام کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہے۔سحری،افطاراور تراویح کے دواران بجلی کی لوڈشیڈنگ بند کی جائے تاکہ عوام آسانی کے ساتھ عبادات کر سکے۔انھوں نے کہا کہ رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے رمضان میں قرآن سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے اور رب سے قربت حاصل کی جائے۔