شاہ محمود قریشی کمرہ عدالت جا کر سوالات کے جواب دیں، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ( ن )کے سینئر نائب صدر وسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کمرہ عدالت میں جائیں اور سوالات کے جواب دیں، عالمی سازش کی افسانہ نگاری شاہ محمود قریشی کی نگرانی، سرپرستی اور سہولت کاری سے ہوئی، آرٹیکل 6کے تحت سب کا ٹرائل ہو گا اور عبرت کا نشان بنائیں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ قوم آپ کی تقریریں نہیں سننا چاہتی، عدالت کے اندر جائیں اور ثبوت دکھائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سازش کی افسانہ نگاری شاہ محمود قریشی کی نگرانی، سرپرستی اور سہولت کاری سے ہوئی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران نیازی اور ان کے حواریوں نے آئین توڑا، آئین کے خلاف بغاوت کا جرم کیا۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آرٹیکل 6کے تحت سب کا ٹرائل ہو گا اور عبرت کا نشان بنائیں گے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ خارجہ، پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ہم نے آئین شکنی نہیں کی، آئین کا حلف لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلا اپنے دلائل آج مکمل کر لیں گے، آرٹیکل 69کی روح ہے کہ پارلیمنٹ کے معاملات پارلیمنٹ میں رہنے چاہئیں، اسپیکر کی رولنگ فائنل ہوتی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ مشترکہ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے آئین شکنی کی ہے، تحریکِ انصاف کا موقف ہے کہ اسپیکر کے پاس رولنگ کا مکمل اختیار ہے، آرٹیکل 69نے اسپیکر کی رولنگ کو تحفظ دیا ہے، اسپیکر کی رولنگ قابلِ سماعت نہیں۔