قاسم سوری اور دوست محمد مزاری کے درمیان لفظی جنگ


اسلام آباد(صباح نیوز) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد خان مزاری اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی ٹوئٹر پر لفظی جنگ چِھڑ گئی۔

دوست محمد مزاری نے  ٹوئٹر پر جاری بیان میں قاسم سوری پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے قاسم سوری بننے سے انکار کردیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی لکھا تھا کہ میں آئین سے غداری کا مرتکب نہیں ہوسکتا، عمران خان مجھ پر چاہے غداری کا لیبل لگادیں۔

اس ٹوئٹ پر قاسم سوری بھی خود کو ردعمل دینے سے نہ روک پائے اور لکھا کہ آپ قاسم خان سوری بن بھی نہیں سکتے کیونکہ قاسم خان سوری بننے کے لیے خون میں وفا، بہادری، جذبہ، دھرتی ماں سے محبت، غلامی سے نفرت، ذہنی آزادی، زندہ ضمیر چاہیے ہوتاہے

قاسم سوری نے یہ بھی لکھا کہ آپ نے ووٹ اور ڈپٹی اسپیکر شپ عمران خان کے نام پر لی اور ضمیر فرنگیوں کے غلاموں کو بیچ دیا۔ آپ ضمیر فروش اور غلام ہیں۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو لفظی جنگ کے نتیجے میں بلاک کردیا۔

دوست محمد مزاری نے ٹوئٹر پر قاسم سوری کی ٹائم لائن کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں انہیں بلاک دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر شیئر کرتے ہوئے دوست مزاری نے ایموجی کا اضافہ کیا اور ساتھ یہ ہے سوری لکھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر آمنے سامنے آگئے، صوبے میں آئینی بحران مزید سنگین ہو گیا۔ حکمران جماعت تحریک انصاف نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر سرداردوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی۔