جماعت اسلامی سندھ کی ریلوے ٹریک پر کریکر دھماکوں کی سخت مذمت


کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے سندھ میں ریلوے ٹریک پر کریکر دھماکوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے ٹریک کی حفاظت کو یقینی اور ملوث ملزمان کو عبرت ناک سزا دی جائے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ریلوے ٹریک پر دھماکے کرکے مسافروں کو پریشان اور قومی املاک کا نقصان کرنے والے ملک وقوم اور سندھ کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے، آئے روز ریلوے ٹریک پر دھماکے حکومتی ناکامی ہے، دہماکوں کی وجہ سے نہ صرف قومی املاک کا نقصان ہوتا ہے بلکہ ان دھماکوں میں اب تک سیکڑوں انسانی جانیں بھی ضایع ہوچکی ہیں، ٹرینوں کی آمدرفت معطل ہونے کی وجہ سے مسافر اپنی منزل مقصود پر بروقت نہیں پہنچ پاتے جنہیں سخت اذیت کا شکار ہونا پڑتا ہے ۔

جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کی جان ومال اور قومی املاک کی حفاظت کرے، سندھ میں آئے روز ریلوے پٹریوں پر دھماکے حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں،دوروز قبل کوٹری اور اب پڈ عیدن کے قریب کوٹ لالو میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ انتظامی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سرزمین سندھ شاہ عبداللطیف بھٹائی سمیت صوفیوں اور الیائے اللہ کی پیار،امن ومحبت کی سرزمین ہے اس طرح کے واقعات کے ذریعے سندھ کے تشخص کو ختم نہیں کیاجاسکتا۔ اسلئے ہم سمجھتے ہیں کہ ریلوے ٹریک پر دھماکے کرنے والے لوگ ملک وقوم اور سندھ وانسانیت کے دشمن ہیں ان سے سختی سے نمٹا جائے۔