کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ اور طویل بالخصوص سحر وافطار کے اوقات میں گیس کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کے بابر کت مہینے میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ سراسر ظلم وزیادتی ہے ،گیس نہ ہونے کے باعث خواتین گھروں میں سحری وافطار ی کے اوقات میں شدید مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہیں ، حکومت کی نا اہلی و ناقص پالیسوں کے باعث عوام کو کسی شعبے میں بھی ریلیف نہیں مل سکا ۔
وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے اور رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں شہریوںکو ریلیف فراہم کرے ، انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق کراچی کے درجنوں مقاما ت پر گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جن میں نارتھ کراچی ، سرسید ٹاؤن سیکٹرالیون سی ون ،گلستان جوہر بلاک 17،اورنگی ٹاؤن ،سولجربازار،لانڈھی ،محمودآباد،گلشن اقبال ،شاہ فیصل ، لانڈھی ،ملیر سمیت متعدد علاقے شامل ہیں جس پر شہریوں نے شدید احتجاج بھی کیا لیکن صورتحال بہتر نہ ہو سکی۔اس کے باوجود ماہانہ بھاری بل وصول کیے جا رہے ہیں ،جو انتہائی ذہنی اذیت کا باعث ہے
اعلیٰ حکومتی عہدیدارا ن کے لیے بھی سوچنے کا مقام ہے کہ اگر وہ رمضان میں بھی لوگوں کو گیس جیسی بنیادی سہولت نہیں دے سکتے تو ان کا عہدوں پر براجمان رہنے کا کیا جواز ہے ، حکومت صورتحا ل کی سنگینی کو سمجھنے کی کوشش کرے ۔ گھریلوں صارفین کے لیے فوری گیس کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے اور گیس کے بحران پر قابوپانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔