قرآن ہمارا دستور حیات،زندگی کے ہر گوشے میں رہنمائی کرتا ہے،دردانہ صدیقی


کراچی (صباح نیوز) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ قرآن ہمارا دستور حیات ہے ، زندگی کے ہر گوشے میںرہنمائی کرتا ہے ۔حسب روایت اس سال بھی مختلف اضلاع اور شہروں میں فہم القرآن انسٹیٹیوٹس ،پبلک ہالز اور معروف عوامی مقامات پر بڑی تعداد میں جید علما ، خواتین سکالرز کی مدد سے دورہ قرآن کا اہتمام کیا گیا ۔

سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کراچی میں کارساز کے قریب رہائشی کالونی میں یکم رمضان المبارک سے دورہ قرآن شروع کروا دیا ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ملک بھر میں رمضان المبارک کے دوران قرآن فہمی کے شعور کے فروغ کے لئے دورہ قرآن اور دورہ احادیث کااہتمام کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک نزول قرآن کا مہینہ ہے لہذا رمضان المبارک میں تلاوت قرآن اور فہم القرآن کو اپنا معمول بنا لیں۔قرآن ہمارا دستور حیات ہے جو زندگی کے ہر گوشے کے بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے -آج دورہ قرآن کے بعد سیکرٹری جنرل اسد اللہ بھٹو کی اہلیہ کی تعزیت کے لئے گئیں انکی رہائش گاہ پر انکی بہو اور بیٹیوں سے ملاقات اور تعزیت کی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعا بھی کی-اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطیہ نثار اور ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب بھی ان کے ہمراہ تھیں ۔