کراچی(صباح نیوز)پاک سر زمین پارٹی(پی ایس پی) کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو ان حالات میں وزیر اعظم کا ساتھ دینا چاہئے تھا، لوگوں کو مایوس نہیں کررہا ہے بس آگاہ کررہا ہوں، کسی کے آنے جانے سے عوام کا کوئی بھلا نہیں ہوگا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ملک کی بڑی پارٹیوں کے لیڈران ایم کیو ایم کے کمروں میں آئے، کراچی کے عوام اپنے لیڈروں سے اختیار کی بات کریں، پیپلزپارٹی کے ساتھ اس لیے جارہے ہیں کہ لاپتا افراد کا پتا لگائیں گے، ایم کیو ایم کو تو ان حالات میں وزیر اعظم کا ساتھ ینا چاہئے تھا۔
انہوں نے کہا کہ کہتے تھے مصطفی کمال نے ڈرائی کلین مشین لگائی ہوئی ہے، آپکا کیا کردار ہے کہ آخری وقت میں حکومت کو چھوڑ رہے ہیں۔چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ ہماری کہی تمام باتیں سچ ثابت ہو چکی ہیں، پہلے دن سے کہہ رہے ہیں ہمیں اختیار چاہئے ،پی پی اور ایم کیو ایم کا ایگریمنٹ نکالیں، آپکو 40سال میں اس ایگریمنٹ اوراس ایگریمنٹ میں کوئی فرق نظرنہیں آئیگا۔
انہوں نے کہا کہ اصل ایگریمنٹ زبانی ہے کہ کتنی وزارتیں دیں گے، گورنر بنائیں گے یا نہیں اور کتنے پیسے دیں گے، کوئی اختیار دینے کے لائق نہیں تو اقتدار میں آنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ مصطفی کمال نے مزید کہا کہ میں لوگوں کو مایوس نہیں کررہا ہے بس آگاہ کررہا ہوں، کسی کے آنے جانے سے عوام کا کوئی بھلا نہیں ہوگا۔