کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ایم کیو ایم کے پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت سے معاہدے اور وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے امکانات دیکھ کر اقتدار میں اپنا حصہ سمیٹنے کی کوششوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیو ایم اور اقتدار ایک ہی سکے کے دورخ ہیں ، ایم کیو ایم 35سال سے نواز لیگ، پیپلزپارٹی اور2018سے تحریک انصاف کے ساتھ اقتدارمیں شریک رہی ہے لیکن کراچی کے عوام کو اس نے تباہی و بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا ، اب ایک بار پھر اقتدار اور وزارتوں کے لیے اس پارٹی کو جسے کراچی دشمن اور سندھ دشمن پارٹی کہتی تھی اس کے ساتھ اتحاد کرلیاہے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ایم کیو ایم پیپلزپارٹی کو اپنے ورکرز کا قاتل کہتی تھی اور ٹنڈو الہ یار میں قتل ہونے والے عبد الرحمن خانزادہ عرف بھولو کے قتل کے خلاف وزیر اعلیٰ ہاؤس پر احتجاج کیا تھا اور اس موقع پر جاں بحق ہونے والے کارکن اسلم کی مو ت کا ذمہ دار بھی ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کو قراردیا تھا اور وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا مطالبہ کیا تھا جس کے لیے اس نے درخواست بھی جمع کرائی تھی لیکن آ ج اسی پارٹی کے ساتھ مل کر ایک بار پھر کراچی کوتباہ و برباد کرنے اور شہری اداروں کو اپنے قبضے میں لینے کی تیاریاں کررہی ہے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کراچی میں پیپلزپارٹی کے سیاسی ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے پر احتجاج اور مخالفت میں ایم کیو ایم بھی شامل تھی لیکن اب کراچی اور حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کے وعدے پر پیپلزپارٹی کے ساتھ مل گئی ہے جب وہ سیاسی ایڈمنسٹریٹر قابل قبول نہیں تھا تو اب مقرر کیے جانے والے سیاسی ایڈمنسٹریٹر بھی ہرگز قابل قبول نہیں ہوسکتے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ایک طرف ایم کیو ایم کا رویہ اور طرز عمل یہ ہے تو دوسری طرف پیپلزپارٹی بھی ایم کیو ایم کو فاشسٹ پارٹی ،بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کی موجد قراردیتی رہی ہے،اہل کراچی دونوں پارٹیوں کی حکومت اور اقتدار میں شراکت داری کو بھگت چکے ہیں آج کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام جن مسائل ومشکلات کا شکار ہیں ،برسوں سے ان کے ساتھ جو ظلم و زیادتی اور حق تلفی ہوئی ہے یہ پارٹیاں اس جرم میں برابر کی شریک رہی ہیں ،ان کے ماضی اور حالیہ ساڑھے تین برسوں کی کارکردگی کے بعد اہل کراچی کس طرح توقع کرسکتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں ان کے مسائل حل ہوں گے اور کراچی کی ابتر صورتحال میں کوئی بہتری آئے گی ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ موجودہ سیاسی افراتفری صرف اور صرف اقتدار کی جنگ ہے ،عوامی مسائل سے کسی کوئی دلچسپی نہیں ، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل اور اہل کراچی کے جائز اور قانونی حقوق کے لیے جدوجہد کررہی ہے ،جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک مزید تیز کی جائے گی اور ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔