کراچی( صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے رمضان شریف سے قبل ہی مہنگائی کے طوفان اور روز مرہ کے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت نہ صرف رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد، مہنگائی کے خاتمے اورقیمتوںپر کنٹرول کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ دوسرے ممالک میں مذہبی ایام کے موقع پر حکومتیں عوام کو سہولتیں فراہم کرکے چیزوں کی قیمتیں کم کی جاتی ہیں تاکہ ہر ایک فرد اپنے مذہبی ایام کو اچھی طرح سے ادا کرسکے مگر یہاں منافع خور اور ذخیرہ اندوز مافیا رمضان شریف میں پورے سال کی کسر نکال لیتے ہیں۔ابھی رمضان کی آمد ،آمد ہے کہ ہر چیزکی قیمتوں کو پر لگنے شروع ہوگئے ہیںاور رمضان المبارک کی آمد سے قبل ملک کے اندرمہنگائی میں طوفانی اضافے نے پوری قوم کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔اگر حکومت نے مہنگائی کو نہ روکاتو ستائے ہوئے عوام سڑکوں پر نکل کر سیاسی عدم استحکام کا سبب بن سکتے ہیں۔حکومت کو رمضان سے پہلے اس مہنگائی کا نوٹس لینا چاہیے اور ابھی سے کوئی سد باب کرنا چاہیے۔عوام اب مزید مہنگائی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
جبکہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ دْنیا بھر کے مہذب ممالک میں اْن کے خصوصی دنوں اور تہواروں کے موقع پر اشیاے ضرور یہ کی قیمتیں کم کر دی جاتی ہیں لیکن وطن عزیز میں اْلٹی گنگا بہتی ہے اور ہر شے کے دام بڑھ جاتے ہیں،عوام پر مہنگائی کے ڈرون حملے شروع ہوجاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر نا جائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے اقدامات کا اعلان کریںاور منافع خور ، ذخیرہ اندوز تاجروں پربھاری جرمانہ عائداور سخت ترین سزائیں دی جائیں۔ ملک بھر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی ناقص کارکردگی ہے۔
اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ضلعی حکومت کے نمائندوں کو صحیح معنوں میں عوام کا خادم بنایا جائے اور ان سے مہنگائی کے خاتمے کے لئے مرکزی کردار اداکروایا جائے اور حکومتی عمل داری یقینی بنائی جائے، مقدس ماہ میں ملک بھر میں مہنگائی کے عفریت پر قابو پانے کے لیے ناصرف راست اقدامات کیے جائیں بلکہ رمضان المبارک میں عوام کو گرانی کے عذاب سے بچانے کو مؤثر بندوبست کیا جائے۔
اشیائے خوردونوش سمیت سبزی اور پھل مارکیٹوں کے دورے کرکے سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیاء ضروریہ کی فروخت کو ممکن بنانے کیلئے سخت اقدامات اور گراں فروشوں کے خلاف کڑی کارروائیاں کی جائیں۔منافعہ خور اورذخیرہ اندوز تاجرو دکانداربھی اللہ سے ڈریں۔غریب لوگوں کی بدعائیں لینے کی بجائے ماہ مقدس میں لوگوں کو سہولت دیکر اللہ کی رحمت کے امیدوار بنیں۔