جماعت اسلامی سندھ نے ایم کیو ایم کو سندھ میں دوبارہ مسلط کرنے پرتشویش کااظہار کردیا


کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ نے پیپلزپارٹی کی جانب سے ایم کیو ایم کو سندھ میں دوبارہ مسلط کرنے پرگہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اپوزیشن خصوصاپیپلزپارٹی اقتدار کی رسہ کشی میں کراچی کے شہریوں کو قربانی کا بکرا نہ بنائے۔

جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ایم اکیو ایم نے اپنے اقتدار میںصوبہ سندھ خصوصا کراچی میں قتل وغارتگری،بوری بند لاش،بھتہ خوری،ھڑتال اورلسانی تصادم کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ہے۔نئی نسل کا تعلیمی مستقبل تباہ ہوگیا۔کئی تاجراپنی صنعت وتجارت کو سندھ سے دوسرے صوبوں میں منتقل کرنے پرمجبور ہوئے۔

کراچی کے شہریوں نے 30سال خوف وحراس اوربے یقینی کی صورتحال میں زندگی گذار دی ۔ یہی وجہ ہے کہ2018کے انتخابات میں لوگوں نے ان کو مسترد کردیا۔

انہوں نے کہاکہ بڑی مشکل سے سندھ میں تجارت کاروبار وتعلیم کی صورتحال معمول پر آنے لگی ہے تودوبارہ ان کو مسلط کرنے کی وجہ سے کراچی تا کشمور سندھ کے عوام میں بے چینی اورخوف وحراس کی لہر پیداہوگئی ہے کیونکہ ان کے 30سالہ دور میں کراچی میں صنعتیں کاروبار اوردکانداری تباہ ہوگئی، آئے دن ھڑتالیں،فائرنگ ٹارگٹ کلنگ کی صورتحال نے معیشت تباہ اورترقی کا پھیہ جام کردیا اب ایک بار پھر انکو کراچی پرمسلط کرنا نہ صرف کراچی بلکہ ملک دشمنی کے مترادف ہوگا۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ کراچی میں امن و ترقی پورے ملک میں امن وترقی کا ضامن ہے۔