کراچی (صباح نیوز)الخدمت کراچی اور بحریہ یونیورسٹی کے شعبہ ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے اشتراک سےالبیرونی آڈیٹوریم میںصاف پانی کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار اورآگاہی واک کا اہتمام کیا گیا ،سیمیناراور واک میں میں طلبہ وطالبا ت اساتذہ اورالخدمت کے ذمہ داران موجود تھے۔
پروگرام سے مہمان خصوصی چیف ایکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین اور بحریہ یونیورسٹی کے شعبہ ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسزکی سربراہ سلمیٰ اوراربن پلانر محمد توحید نے خطاب کیا ۔
سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے نوید علی بیگ نے کہا کہ صاف پانی ہی زندگی ہے ۔ملک کو صاف اور معیاری پانی کے مسائل درپیش ہیں اور اسی مقصدکیلئے الخدمت نے صاف پانی پراجیکٹ شروع کیا تاکہ لوگوں کو صاف اور معیاری پانی دستیاب ہو اور لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جس سکے ۔
انہوں نے کہا کہ آلودہ پانی زندگی کیلئے خطرہ ہے ،یہ امرض کی جڑ اور موت کا وسیلہ ہے ۔ضروری ہے کہ لوگوں کو صاف اور پینے کا معیاری پانی دستیاب ہو ۔الخدمت نے اسی مقصد کیلئے پورے شہر میں 50واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے ہیں ،جہاں سے یومیہ ہزاروں لوگ استفادہ کر رہے ہیں ،جبکہ پانی کے سیکڑوں دیگر منصوبے بھی بنائے گئے ہیں ،اس کے ساتھ ساتھ الخدمت لوگوں میں صاف پا نی کے حوالے سے شعور وآگہی پید اکرنے کیلئے بھی کام کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت زندگی کے سات شعبہ جات میں کام کر رہی ہے،جن میں صحت ،تعلیم ،کفالت یتامیٰ ،صاف پانی ،مواخات،ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور کمیونٹی سروسز شامل ہیں ۔
قاضی سید صدرالدین نے زیر زمین پانی کی اہمیت اور افادیت سے شرکا ء کو آگا ہ کیا اورکراچی کو درپیش پانی کے بحران سے متعلق آگاہی دی ۔
انہوں نے کہا کہ پانی کی اہمیت اور افادیت کو سمجھنا ہوگا ۔شہر کو اس کی ضرورت کے مطابق پانی نہیں مل رہا ،یہاں پانی کا بحران ہے ۔پانی کا دیرینہ منصوبہ کے فور مکمل ہو تو اس حوالے سے مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔
سلمیٰ نے کہا کہ پانی زندگی کی اہم ترین ضرورت ہے ۔اس کی اہمیت کو سمجھنا ہو گا ،پانی کو ضائع ہونے سے بچانا ہو گا ۔انہوں نے الخدمت کی صاف پانی کی فراہمی اور شعور وآگاہی کی فراہمی کی کوششوں کو سراہا ۔
اربن پلانر محمد توحید نے زیر زمین پانی اور کراچی کے زیر زمین پانی کے حوالے سے پریزینٹیشن پیش کی ۔انہوں نے زیرزمین پانی کی اہمیت کو بیان کیا ۔