کراچی(صبا ح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ حکومت واپوزیشن دونوں عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں، باریاں لینے سے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی سے ہی ملک وقوم کی قسمت بدل سکتی ہے، تحریک عدم اعتماد سے عوام کو کوئی سروکار نہیں ہے، عام آدمی کا مسئلہ مہنگائی بے روزگاری اور امن امان ہے،جماعت اسلامی ملک میں شریعت کے نفاذ اور چہرے نہیں نظام وامام دونوں کو بدلنے کی جدوجہد کررہی ہے، رمضان المبارک کا استقبال اور گناہوں کی بخشش ونیکیاں کمانے کی بھرپور منصوبہ بندی کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کندھ کوٹ میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، امیر ضلع آغا عبدالفتاح پٹھان، الخدمت کے ضلعی جنرل سیکرٹری الیاس نور چنا،جے آئی یوتھ کے صدر غلام مصطفی میرانی اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگر ذمہ دران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ضلع کی سیاسی وتنظیمی صورتحال سمیت رمضان المبارک کی منصوبہ بندی بھی کی گئی۔
محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری کے خاتمے سمیت عوام کو ریلیف دینے کے پی ٹی آئی حکومت کے تمام تر دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ،مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، رمضان المبارک سے قبل چینی آٹے سمیت روز مرہ کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں، حکومت مہنگائی کے خاتمے ،رمضان آرڈیننس پر عملدرآمداور روز مرہ کی اشیائے خور و نوش کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے مؤثراقدامات کرے۔
صوبائی امیر نے الخدمت میڈیکل سینٹر کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا وزٹ اور الخدمت کی انسانیت کیلئے کی جانے والی خدمات کو سراہا، امیر صوبہ نے ضلعی نائب امیر تعلیمی ماہر بشیر احمد حاجانو کے گھر جاکر بڑے بھائی دلمراد حاجانو کی وفات پر تعزیت ،مرحوم کی مغفرت اور درجات بلندی کی بھی دعا کی۔
دریں اثنا جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے سندھی روزنامہ کاوش اور سندھی چینل کے ٹی این کے اسٹاف رپورٹر صغیر چانڈیو کی والدہ کے وفات پر دلی دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔