گلگت(صباح نیوز)پاک چین سرحد خنجراب ٹاپ دو سال سے زائد کورونا وبا کے پیش نظر بند رہنے کے بعد چین نے بالآخر یکم اپریل 2022 سے خنجراب سرحد کو تجارتی و سیاحتی سرگرمیوں کے لیے کھولنے کا اعلان کردیا ۔
چوبیس مارچ 2022 کو چین کے صوبہ سنکیانگ یغور کے خود مختار علاقے کاشغر انتظامیہ کے دفتر خارجہ کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق ہونگچی لافو بندرگاہ (خنجراب)کو اگلے ماہ یکم اپریل سے باضابطہ طور پر کھول دیا جائے گا۔
سرکلر میں کہا گیاکہ حکومت پاکستان اور چین کے درمیان سرحدی گزرگاہ اور ان کے انتظامی نظام کے درمیان 22 مئی 2013 کو دستخط کئے گئے معاہدے کے مطابقCMB Hongqi Lafu Suster پورٹ کو باضابطہ طور پر یکم اپریل 2022 کو کھول دیا جائے گا۔تاہم سرکلر کے مطابق تمام انسپکشن یونٹس اور متعلقہ اداروں کو وبا کی روک تھام اور کنٹرول کی ضروریات کے مطابق تیاری کرنے کی ہدایت کی گئی ۔