اپوزیشن نے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کیلئے درخواست جمع کرادی


اسلام آباد(صباح نیوز)اپوزیشن نے ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کے لیے درخواست جمع کروا دی۔

اپوزیشن کی جانب سے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کے لیے سیکرٹری قومی اسمبلی کو درخواست جمع کرائی گئی۔جن اپوزیشن ارکان کی جانب سے درخواست جمع کرائی گئی ان میں سردار ایاز صادق، محسن داوڑ، شاہدہ اختر علی، نوید قمر اور شزہ فاطمہ خواجہ شامل ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسپیکر صاحب کے کمرے کو جانے والے دروازے پر تالا لگا ہے، سپیکر صاحب کے چیمبر میں جانے والی لفٹ بھی بند ہے، ہم سیکرٹری اسمبلی کو علی وزیرکے پروڈکشن آرڈر کی درخواست جمع کرا آئے ہیں، علی وزیر کا حق ہے کہ وہ اجلاس میں شریک ہوں۔

محسن داوڑ نے کہا کہ ہم ہر بار علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کے لیے تازہ درخواست جمع کراتے ہیں، علی وزیر معزز ممبر قومی اسمبلی ہیں اور اجلاس میں شرکت کرنا ان کا قانونی حق ہے۔