حجاب مسلمان عورت کی پہچان ہے، اس کی عزت ، وقار،تقدس کی علامت ہے،ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی


لاہور(صباح نیوز)منصورہ ٹیچنگ ہسپتال لاہور میں حجاب واک نکالی گئی جس کی قیادت ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کی۔ حجاب واک میں ڈاکٹر ذکیہ ہاشمی سمیت پیرامیڈیکل سٹاف خواتین نے شرکت کی۔

شرکائے حجاب واک میں شامل خواتین نے ہندوستان کی مسلم ہیرو بیٹی مسکان کے انداز میں نعرہ ہائے تکبیر بلند کیے جس کا شرکا نے بھرپور جواب دیا۔ واک کے اختتام پر ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، میڈیکل سپریٹنڈنٹ منصورہ ٹیچنگ ہسپتال صاحبزادہ ڈاکٹر انوار احمد بگوی، ڈپٹی میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر سید نثار احمد شاہ، نرسنگ سپریٹنڈنٹ مسز نسیم قیصرہ و دیگر نے اظہار خیال کیا۔

ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاب مسلمان عورت کی پہچان ہے اور اس کی عزت ، وقاراور تقدس کی علامت ہے۔ دین اسلام حیا کا درس دیتا ہے، آج دنیا بھر میں مسلمان خواتین کو حجاب پہننے سے منع کرنے والے خود جہلت کے اندھیرے کنویں میں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حجاب عورت کی عزت اور توقیر میں اضافہ کرتا ہے۔ مغربی ممالک میں عورت کی کوئی حیثیت ہی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ حجاب عورت کی حرمت کا گہوارہ ہے۔