جموں وکشمیر تنازع کا حتمی حل جنوبی ایشیا میں امن واستحکام کے لئے ناگزیرہے:اوآئی سی وزرائے خارجہ


اسلام آباد(صباح نیوز)جموں وکشمیرکے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ نے ایک مشترکہ اعلامیہ میں عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ بھارت کو غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں سنگین جرائم پرجوابدہ بنایاجائے۔رابطہ گروپ کااجلاس اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اوآئی سی رابطہ گروپ نے کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت اوربھارتی تسلط سے آزادی کے حصول کے لئے ان کی جائزجدوجہدکی حمایت کااعادہ کیا۔اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ نے قراردیاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں وکشمیرکے تنازع کا حتمی حل عالمی ادارے کی زیرنگرانی استصواب رائے جنوبی ایشیا میں پائیدارامن واستحکام کے لئے ناگزیرہے۔رابطہ گروپ نے بھارت پرزوردیاکہ مقبوضہ علاقہ میں پانچ اگست دوہزارانیس کو یا اس کے بعد کئے گئے تمام غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات واپس لے

او آئی سی نے بھارتی میزائل فائر کی مشترکہ تحقیقات کے لیے پاکستان مطالبے کی توثیق کردی

اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ نے ایک قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں بھارت کی طرف سے نومارچ کوپاکستان میں میزائل فائرکرنے کے واقعے کی مشترکہ تحقیقات کے مطالبے کی توثیق کی ہے۔قرارداد کی منظوری اسلام آبادمیں ہونے والے اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں دی گئی۔قراردادمیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور دوسرے متعلقہ عالمی اداروں پر زوردیاگیا ہے کہ وہ اپنے دائرہ ہائے کارکے مطابق یہ معاملہ بھارت کے سامنے اٹھائیں تاکہ فوری طورپر اس کے حقائق کاتعین کیاجاسکے اورمستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچاجاسکے۔

قرادادمیں عالمی برادری پرزوردیاگیا ہے کہ وہ جوہری ماحول میں سنگین نوعیت کے اس واقعے کا سختی سے نوٹس لے اورجنوبی ایشیا میں تذویراتی استحکام برقراررکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔اسلامی وزرائے خارجہ نے بھارت پرزوردیاہے کہ وہ دیرینہ تنازعات کے حل اور پاکستان کی طرف سے تخفیف اسلحہ اور اعتمادسازی کے اقدامات سمیت تذویراتی ضبط وتحمل کی تجویز کامثبت انداز میں جواب دیکر علاقائی سلامتی اوراستحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کے ساتھ تعمیری انداز میں کام کرے۔