جماعت اسلامی پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے وجود میں آیا، پاکستان کی سلامتی، ترقی وخوشحالی کا رازجمہوریت میں پوشیدہ ہے، آئین وقانون کی بالادستی کے بغیرہم بحیثیت قوم کبھی ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتے ۔ آج پاکستان سابقہ حکومتوں اور موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے ۔عوام کو تبدیلی کے نام پر جو دھوکہ دیا گیا اس سے قوم کے جذبات بری طرح مجروع ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی  پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے۔

ان خیالات اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے۔ احتساب کا نظام جب تک آزادانہ طور پر کام نہیں کرے گا۔ اس وقت تک ملک و قوم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتی۔ پوری قوم نے دیکھ لیا ہے کہ کیسے روپے پیسے کا بے دریغ استعمال کرکے ممبران قومی اسمبلی کی خرید و فروخت کی جا رہی ہے ۔ حکومت اور نام نہاد اپوزیشن میں شامل جماعتیں سب بے نقاب ہو چکی ہیں۔ اسمبلیوں میں غریب اور متوسط خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد کا پہنچنا ممکن  نہیں۔

انہوں نے کہا کہعوام پہلے ہی حکومت کی مایوس کن کارکردگی کے باعث پریشان ہیں۔ انھیں مہنگائی نے کچل کر رکھ دیا ہے۔ حکومتی اقدامات محض دکھاوے کے سوا کچھ نہیں۔ ملکی معیشت اور عوام تاریخ کے بد ترین دور سے گزر رہے ہیں۔ناقص اور ناکام حکومتی پالیسیوں کی بدولت وسائل سے مالامال ملک مسائلستان بن چکا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک میں جمہوری استحکام کے لیے انتخابی اصلاحات ناگزیر ہوچکی ہیں۔ عدم برداشت کا سلسلہ بند اور ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے۔ پاکستان کو آگے لے کر چلنے کے لیے جمہوریت کو تقویت ملنی چاہئے