ہم یتامی کو پال نہیں رہے ڈھال رہے ہیں، نویدہ انیس


 شیخوپورہ (صباح نیوز)ہم یتامی کو پال نہیں رہے ڈھال رہے ہیں، اس خوبصورت اور مکمل سانچے میں جو ہمارے رب نے پسند کیا ہے۔ان خیالات کا اظہارچیئر پرسن الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ نویدہ انیس نے آغوش شیخوپورہ گرلز ہوم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ نے یتامی کی کفالت کا ایک منفرد اور جامع منصوبہ تشکیل دیا ہے اور اسلام آباد کے بعد اب شیخوپورہ میں بھی الحمدللہ بچیوں کے لیے اقامتی وتربیتی آماجگاہ آغوش ہوم “قائم کرچکا ہے جہاں ڈھائی سو طالبات کے لیے پرسکون محفوظ رہائش، دینی و دنیاوی تعلیم، صحت مند ماحول، خوراک لباس ہی نہیں فکری و فنی تربیت کا بھی بہترین اہتمام کیا جاتا ہے۔

دریں اثنا اس موقع پر ایک یتیم طالبہ کی باہمت ماں نے بھی اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت نے نہ صرف میری بیٹی کی حفاظت اور کامیاب مستقبل کی ذمہ داری قبول کی ہے ،بلکہ عملًا میں اپنی بیٹی کے اخلاق و کردار فطری صلاحیتوں کی نشونما بھی یہاں دیکھ رہی ہوں اور انتہائی شکرگزار ہوں کہ یہ ادارہ قائم کیا گیا ۔

علاوہ ازیں آغوش کی افتتاحی تقریب میں ادارہ ھذا کی بچیوں پر مشتمل بزم آغوش کا تیار کردہ پہلا رسالہ نایاب کاوش “کی بھی تحسین و پذیرائی کی گئی۔اس موقع پر پنجاب بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے بھی شرکت کی اور الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کی تحسین افزائی فرمائے۔