بیونس آئرس میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کی پروقارتقریب،قومی پرچم لہرایا گیا


بیونس آئرس(صباح نیوز)ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان کے قومی دن کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد خالد اعجاز نے قومی پرچم لہرایا۔ پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔

اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے قومی دن کے حوالے سے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ڈاکٹر اعجاز نے ارجنٹائن، چلی، پیرو، ایکواڈور، پیراگوئے اور یوراگوئے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو قومی دن انتہائی جوش و خروش سے منانے پر مبارکباد دی۔

ڈاکٹر اعجاز نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور اقوام عالم میں نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔ ڈاکٹر اعجاز نے اسلام آباد میں اسلامی کانفرنس تنظیم کے وزرائے خارجہ کے 48ویں اجلاس کی میزبانی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی اجلاس سے وزیراعظم عمران خان کے کلیدی خطاب نے امت مسلمہ کو چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور دنیا میں امن اور ہم آہنگی لانے کا روڈ میپ فراہم کیا۔

پاکستانی سفیر نے کہاکہ انہوں نے ‘سینٹرو کلچرل ڈی لا میموریا ہارولڈو کونٹی’ میں ایک یادگاری تقریب میں ارجنٹائن کے وزیر خارجہ کے ساتھ بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی، جس میں ان بہادر خواتین کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا گیاجنہوں نے خود کو منظم کیا۔ اسی طرح آج ہم ان کشمیری خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنے پیاروں کو تلاش کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں جنہیں غیر قانونی طور پر اغوا کیا گیا تھا اور جو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں برسوں سے لاپتہ ہیں۔ ایک دن آئے گا جب وہ بے گناہ لاپتہ کشمیری اپنے گھروں کو لوٹیں گے، اپنے خاندانوں سے ملیں گے، اپنی سرزمین میں امن اور ہم آہنگی سے زندگی بسر کریں گے۔

تقریب کا اختتام پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کے ساتھ ہوا۔پاکستانی سفیر ڈاکٹر اعجازنے دیگر شرکا کے ساتھ کیک کاٹا جو اس موقع پر خصوصی طور پر تیار کیا گیا تھا۔ مہمانوں کی تواضع پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔