قوم27مارچ کو ڈاکوؤں کے ٹولے کیخلاف نکلے ،عمرا ن خان


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈاکوؤں کا ٹولہ عوامی نمائندوں کو کھلے عام خرید رہا ہے میں چاہتا ہوں کو قوم 27مارچ ان کے خلاف میرے ساتھ نکلے ۔وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قوم کے نام ریکارڈ کر ایا گیا خصوصی پیغام سوشل میڈیا، ریڈیو اور ٹی وی پر11بج کر 45منٹ پر نشر کیا گیا ہے ۔

ایک منٹ 29سکینڈزکے اس خصوصی پیغام میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ قرآن میں اللہ پاک حکم دیتا ہے کہ اچھائی کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، برائی سے لڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 30 سال سے ڈاکوؤں کا ایک ٹولہ ملک میں کرپشن کر رہا ہے اور ملک کو لوٹ رہا ہے اس نے اکٹھے ہوکر پارلیمانی نمائندوں کی ضمیر کی قیمتیں لگائی ہیں۔

انہوں نے کہا یہ لوگ عوامی نمائندوں کو کھلے عام خرید رہے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ 27 مارچ کو پوری قوم میرے ساتھ نکلے، اور بتائے کہ ہم اس ملک میں جمہوریت کے خلاف، عوام کے خلاف اور قوم کے خلاف ہونے والے جرم کی مخالفت کرتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ انہیں بتائیں کہ چوری کے پیسوں سے جو تم عوامی نمائندوں کے ضمیر خرید رہے ہو قوم اس کے خلاف ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ سارے پاکستان کو یہ علم ہونا چاہیے کہ کسی کی ہمت نہیں ہونی چاہیے کہ وہ اس طرح سے ہارس ٹریڈنگ کر کے عوامی نمائندوں کے ضمیر خریدے۔