اسلام آباد(صباح نیوز) عالمی وبا کوروناوائرس کی پانچویں لہر دم توڑنے لگی، دوسرے روز بھی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 210 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دو سال بعد مسلسل دوسرے روز کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، مثبت کیسز کی شرح صفر اعشاریہ چھ نو فیصد ریکارڈ کی گئی، دو سو دس نئے مریضوں کا اضافہ ہوا، متاثرہ مریضوں کی تعداد پندرہ لاکھ تیئس ہزار بہتر ہو گئی۔
ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 8 ہزار 63 ہے جبکہ 445 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہزار 333 ہو گئی ۔
گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 180 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد کورونا سے صحت یاب افراد کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 84 ہزار 676 ہو گئی ۔ 24 گھنٹے کے دوران 30 ہزار 54 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، اب تک ملک بھر میں 2 کروڑ 72 لاکھ 68 ہزار 79 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 5 لاکھ 74 ہزار 239 ہو چکی ہے۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 4 ہزار 639 تک پہنچ گئی ۔خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 18 ہزار 819 تک پہنچ گئی،کورونا وائرس کے بلوچستان میں کیسز کی تعداد35 ہزار 460 تک پہنچ گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 35 ہزار 3 کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ہو گئی۔ آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز43 ہزار 237 ہو گئے۔ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 11 ہزار 675 مریض ہیں۔