کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات ظلم کی انتہا ہے،اسماء سفیر


کراچی (صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ اسماء سفیر نے شاہراہ فیصل پر دو بچیوں اور باپ اور چند دن قبل دو بیٹوں اور باپ کی ٹریفک حادثے میں ہلاکت پر انتہائی غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات ظلم کی انتہا ہے،ساڑے تین کروڑ شہریوں کے لیے ٹریفک قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے ،ہمارے بچے جوان سڑکوں پر مر رہے ہیں ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈمپر لوڈر ٹینکرز کو صرف رات کے اوقات میں شاہراہوں پر گزرنے کی اجازت دی جائے اور ٹریفک کے قوانین کا پابند کیا جائے اور بھاری جرمانہ لگایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری ہر بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔تین کڑوڑ کی آبادی کے میگا سٹی میں ٹریفک کا کوئی نظام نہیں۔غریب موٹر سائیکل پر سواری کرتا ہے اور آئے دن جان سے ہاتھ دھوتا ہے۔ترقی یافتہ ممالک میں موٹر سائیکل شوقیہ سواری ہے اور عوام ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ذریعے محفوظ سفر کرتے ہیں۔

ناظمہ کراچی نے خواتین میں اسکوٹی متعارف کرنے والی حکومت سے کہا کہ ہمارے بچے بچیوں کو سہل اور آسان ٹرانسپورٹ دو۔دعوے اور منصوبوں سے بڑھ کر عملی اقدامات کئے جائیں۔گرین لائن اورنج لائن منصوبے میگا سٹی کیلئے نہیں ہوتے۔جتنے لوگ بس میں بیٹھے ہوتے ہیں اس سے کہیں ذیادہ سڑکوں پر رل رہے ہوتے ہیں۔