الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر میں یتیم بچوں کی کفالت تعلیم و تربیت اور ان کی اخروی فلاح کے لئے حقیقی طور پر سرگرم عمل ہے،دردانہ صدیقی


شیخوپورہ(صباح نیوز)سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ  باپ کے سایہ شفقت سے محروم بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق اور ہماری عاقبت سنوارنے کا بہترین ذریعہ ہیں،یتیم کی کفالت اور پرورش کرنا، انہیں تحفظ دینا، ان کی نگرانی کرنا اور ان کے ساتھ بہترین سلوک کرنا ایسا صدقہ جاریہ ہے کہ جس کے اجر و ثواب کا اللہ نے خود وعدہ کر رکھا ہے،ہماری انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم آگے بڑھ کر اپنے سرمائے،عمل اور رویوں سے معاشرے کے یتیم بچوں کو سہارا دیں۔

ان خیالات کا اظہاردردانہ صدیقی نے شیخوپورہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام یتیم بچیوں کی کفالت کے ادارے آغوش ہومز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ آج ہم سب کی یہ خوش نصیبی ہے کہ ایک ایسی تقریب میں شامل ہیں جو یتیم بچوں کی کفالت کے ادارے کے افتتاح حوالے سے منعقد کی گئی ہے- وطن عزیز سمیت دنیا  بھر میں ناگہانی آ فات، بدامنی، صحت کی ناقص سہولیات، حادثات اور دہشت گردی کے باعث جہاں ہزاروں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے وہیں لاکھوں بچے بھی یتیم ہو جاتے ہیں۔یہ بچے تعلیم و تربیت اور مناسب سہولیات نہ ملنے کے باعث معاشرتی و سماجی محرومیوں اور بے روی کا شکار ہو جاتے ہیں۔اس گھمبیر صورتحال سے نمٹنے کے لیے وطن عزیز میں فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن نے یتیم بچوں کی کفالت کا بیڑا احسن انداز میں اٹھا رکھا ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کفالت یتامی کے حوالے سے اندرون  ملک و بیرون ملک شہرت رکھتی ہے۔آج آغوش ہوم شیخوپورہ کا افتتاح ایک شاندار قابل ستائش قدم ہے۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے،اس ماہ مبارک ماہ میں ہر عمل کا اجر کئی گنا بڑھ جاتا ہے، اس ماہ مبارک میں والدین کی شفقت سے محروم بچوں کی ایک بہت بڑی تعداد  اہل خیر کی توجہ اور ایسے فلاحی امور کی منتظر ہے۔