اسلام آباد (صباح نیوز)متحدہ اپوزیشن نے یوم پاکستان کے موقع پر قوت اخوت عوام چارٹر جاری کردیا، جس میں عہد کیا ہے کہ عدم اعتماد کامیاب بنا کر ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں آئین کی حرمت مقدم ہو،تمام ادارے ایک منتخب انتظامیہ اور پارلیمنٹ کے تابع ہوں۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن کی جانب سے 23 مارچ کے موقع پر قوت اخوت عوام چارٹر کا اعلامیہ کردیا جس میں کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن میں شامل سیاسی جماعتیں پاکستان کے آئین پریقین رکھتی ہیں، پاکستان کے عوام سیاسی،معاشی ،سماجی حقوق کا ضامن ہیں۔اپوزیشن عوام سے عہد کرتی ہیں عدم اعتماد کامیاب بناکرایساپاکستان بنائیں گے جہاں آئین کی حرمت مقدم ہو، جہاں انتظامی ادارے منتخب پارلیمنٹ کے تابع ہوں ، عدلیہ آزاد ہو اور بغیر کسی دبائو کے فیصلے کر سکے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ایسا پاکستان جو جہاں میڈیا کی آزادی اظہار رائے کو تحفظ حق حاصل ہو، تمام منتخب ادارے عوام کے سامنے جوابدہ ہوں ، عوام کو اختیار ہو آزادانہ حق رائے دہی سے منتخب اور رخصت کر سکیں۔
متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ آج حکومت کی ناکام پالیسیوں،کارکردگی سے غریب متوسط طبقہ متاثر ہے، عوام مہنگائی ، بیروزگاری ،سماجی عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں۔
اعلامیے میں کہاگیا کہ 2018الیکشن میں بدترین دھاندلی کے ذریعے مصنوعی نااہل قیادت کومسلط کیاگیا، موجودہ بحران سے نجات کیلئے ضروری ہے، نااہل حکومت کو فی الفور رخصت کیا جائے ، ضروری ہے عدم اعتمادکی کامیابی کے بعد شفاف الیکشن سے نمائندہ حکومت آئے۔
متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ آج کے تاریخی دن پر متحدہ اپوزیشن کی جماعتیں عوام سے عہد کرتی ہیں کہ حکومت میں آکرہنگامی اقدامات کرے گی ۔ اعلامیے کے مطابق غیر جمہوری عزائم کی سوچ نے ریاست کو73سال سے مستحکم نہیں ہونے دیا، غیر جمہوری عزائم سے قومی صلاحیت کی مربوط طاقت کو کمزور کیا، اس کھیل میں ہم سے آدھا ملک بھی جدا ہو گیا اور اب وقت آگیا ریاستی سٹیک ہولڈرز آئین کی بالادستی قبول کریں۔
متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ عہد کرتے ہیں میرٹ ، شفافیت ،عوامی خدمت کوفروغ دیا جائے گا ، جمہوری اداروں کو قومی، صوبائی اور مقامی سطح پرمضبوط کریں گے اور آزادانہ ،منصفانہ انتخابات کیلئے اتفاق رائے سے اصلاحات کونافذ کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ آئین، 18ویں ترمیم اور بنیادی انسانی، سیاسی ،معاشی حقوق کادفاع کریں گے، ملک میں برداشت ،بھائی چارہ کو فروغ اورانتہا پسندی کاقلع قمع کریں گے ، سیاست سے ہر قسم کی غیر جمہوری مداخلت ختم کریں گے۔
متحدہ اپوزیشن کی جانب سے مزید کہا گیا کہ آزادی اظہار اور میڈیا پرعائد پابندیاں ختم کی جائیں گی ، کالے میڈیا قوانین ختم اور غیر جمہوری مداخلت کا نظام بند کرائیں گی، 18ویں ترمیم کو مستحکم کرکے صوبائی خود مختاری کو مضبوط کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق صوبوں سے بااختیارمقامی حکومتوں کواختیارات منتقلی کو یقینی بنائیں گی، لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گی، اقتصادی، سلامتی ،خارجہ پالیسیوں کوجامع لائحہ عمل میں ڈھالیں گے۔
متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ غریب، مزدور،کسان اوردیگرکیلئے فوری اور جامع ریلیف پالیسیاں وضع کی جائیں گی ، سکیورٹی چیلنجز کے تحت سکیورٹی اداروں کو پروفیشنل بنیاد پرمضبوط کریں گے ، اندرونی سلامتی پالیسی پرموثر عملدرآمد سے دہشتگردی کا قلع قمع کریں گے اور احتساب کا موثر،شفاف قانون ،غیر جانبدارانہ ادارہ قائم کریں گے، جوملک سے مالی کرپشن کاسدباب کرے۔