اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومت کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومت کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، فواد چوہدری پرویز خٹک اور حماد اظہر کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پارٹی کے چیف وہپ عامر ڈوگر بھی شریک تھے۔اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم کو اتحادیوں اور ناراض ارکان سے روابط سے آگاہ کیا گیا جبکہ 27مارچ کے جلسہ کی تیاریوں پر مشاورت بھی کی گئی۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو تحریک عدم اعتماد سے متعلق اہم قانونی اور آئینی امور پر بریفنگ دی گئی۔