اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کالے دلوں میں کانٹے کی طرح کھٹکتے ہیں،موسوی کا اعتراف در حقیقت احتساب کے نام پر الزامات کا کیچڑ اور گند اچھالنے والوں کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ جھوٹ اور تہمت کے ہزار پردے بھی سچائی چھپا نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کے سی ای او کاوے موسوی کا اعتراف کہ بائیس برس کی چھان پھٹک اور سب کچھ کھنگالنے کے بعد نواز شریف اور ان کے خاندان کی ایک روپے کی کرپشن نہیں ملی، در حقیقت احتساب کے نام پر الزامات کا کیچڑ اور گند اچھالنے والوں کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ نے شہباز شریف کے خلاف بیس سال کے ریکارڈ کی تحقیق کے بعد کلین چٹ جاری کی، موسوی کا اعتراف کہ نیب کے شریف فیملی کے خلاف تمام مقدمات سیاسی انتقام کا شاخسانہ ہیں، درحقیقت اس امر کا اعتراف ہے کہ نواز شریف کالے دلوں میں کانٹے کی طرح کھٹکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور خاندان پہ دن رات تہمت لگانے والے کو علم ہے کہ ریاست مدینہ میں تہمت لگانے کی سزا کیا تھی؟۔