ہمارے سارے معاشی اشارئیے درست ، ملک ترقی کے رستے پر چل نکلا،عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز)  وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج ہمارے سارے معاشی اشارئیے درست ہیں اور ملک ترقی کے رستے پر چل نکلا، ہم نے تعلیم اور صحت کے شعبوں پر کام کیا، معیشت کو ٹھیک کیا، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ پاکستان ترقی کے رستے پر چل نکلا اور پیروں پر کھڑا ہورہا ہے، ہماری پہلی حکومت ہے جو آمدنی بڑھا رہی ہے تاکہ خرچے خود پورے کرے، ہمیں کسی کے سامنے غلامی نہ کرنی پڑے اور ہم ایک خودار قوم بنیں۔

عمران خان نے اسلام آباد میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پمز)ہسپتال کے نئے شعبہ حادثات و ایمرجنسی اور سیکٹر G/13 میں 300 بستروں پر مشتمل ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں طبقاتی تعلیمی نظام بنا ہوا ہے، امیر کے لیے انگلش میڈیم اور غریب کے لیے اردو میڈیم، تعلیمی نظام کی وجہ سے عوام کے لیے ترقی کرنا ممکن نہ تھا، 70 سال میں پہلی بار ہماری حکومت نے یکساں نصاب تعلیم لانے کی کوشش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ انگریزی زبان طبقاتی امتیاز بن گئی، انگریزی بولنے والا اپر کلاس اور باقی لوئر کلاس کہلانے لگے، ہم پر یہ اتنا بڑا غلامی کا بوجھ ہے، لوگ پڑھا لکھا ہونا ثابت کرنے کیلئے انگریزی میں چند جملے بول کر پھر اردو بولتے ہیں، احساس کمتری کا یہ نظام نوآبادیاتی نظام تعلیم کی وجہ سے ہے جسے پچھلی حکومتوں نے تبدیل نہیں کیا، لیکن ہم نے اسے بدلنے کی شروعات کردی، ہم نے بچوں کی کردار سازی کیلئے تعلیمی اداروں میں سیرت النبیۖ پڑھانا شروع کی، کوئی قوم بڑی نہیں بن سکتی جب تک اس کا کردار بڑا نہ ہو۔

عمران خان نے کہا کہ نبی ۖنے لوگوں کے کردار بدلے اور فکری انقلاب برپا کیا، لوگ غلط سمجھتے ہیں کہ تلوار سے انقلاب آیا تھا، ہجرت اور نبی ۖکی رحلت کے بعد جنگوؤں میں ہزار سے 1200 لوگ مرے تھے، لیکن سارا عرب ان کے زیرنگیں آگیا، یہ تلوار سے نہیں ہوا بلکہ لوگوں کے ذہن بدلے تھے، بدقسمتی سے ہم نے کبھی کوشش نہیں کی کہ لوگوں کو بتائیں تو سہی قرآن کیوں نبی ۖ کی زندگی سے سیکھنے کا حکم دیتا ہے، اس میں ہماری بہتری ہے۔

عمران خان نے بتایا کہ جو قوم نبی ۖ کی سنت پر چلے گی وہ اٹھ جائے گی اور ترقی کرے گی، کیونکہ وہ سب انسانوں کیلئے رحمت اللعالمین تھے، اسی لیے ہم نے رحمت اللعالمین اتھارٹی بنائی تاکہ بچوں اور طلبہ کو کم از کم نبیۖ کی زندگی کا پتہ ہو، کیسے ان کے اردگرد موجود سب لوگ لیڈرز بن گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے تعلیم اور صحت کے شعبوں پر کام کیا، معیشت کو ٹھیک کیا، آج ہمارے سارے معاشی اشارئیے درست سمت میں ہیں، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ پاکستان ترقی کے رستے پر چل نکلا اور پیروں پر کھڑا ہورہا ہے، ہماری پہلی حکومت ہے جو آمدنی بڑھا رہی ہے تاکہ خرچے خود پورے کرے، ہمیں کسی کے سامنے غلامی نہ کرنی پڑے اور ہم ایک خودار قوم بنیں، ہمارے حکومتی نظام میں میرٹ ختم ہوگیا ہے اور کرپشن کی اجازت ہے، اسے ٹھیک کرنا ہوگا۔