لاہور(صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک میں انارکی اور انتشار پیدا کرنے والے شرمندہ ہوں گے۔
وزیراعلی پنجاب سے اراکین صوبائی اسمبلی لطاسب ستی، پیر مختار اور محی الدین کھوسہ نے ملاقاتیں کیں، چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات میں سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے، شکست خوردہ عناصر کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو پہلے کی طرح اس بار بھی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا، اپوزیشن کی سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، ملک میں انارکی اورانتشار پیدا کرنے والے شرمندہ ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اورمتحد رہیں گے۔