کراچی:جھونپڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی،ایک خاتون اور 4بچے جاں بحق


کراچی(صباح نیوز) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں شانتی نگرمیں جھونپڑیوں میں آگ لگنے سے4بچے اورخاتون جھلس کرجاں بحق ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع شانتی نگرمیں ایک جھونپڑی میں آگ بھڑک اٹھی ،تیزی سے پھیلنے والی آگ نے دیگرجھونپٹریوں کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ سے جھلس کے ایک خاتون اور4بچے جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق بچوں میں 9سالہ کامران،11سالہ فرحان،12سالہ صائمہ اور8سالہ طیبہ شامل ہیں۔ جبکہ خاندان کی سب سے چھوٹی بیٹی چار سالہ زیبا کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئی۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ریسکیو سروسز کی بجائے انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائربریگیڈ نے موقع پرپہنچ کرآگ پرقابو پالیا۔آتشزدگی سے 5جھونپڑیاں مکمل طورپرتباہ ہوگئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے ابتدائی معلومات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔