اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم شریف لوگ ہیں، ہمارے پاس کوئی فورس نہیں ہے، پی ٹی آئی کے پاس تو زرتارج گل جیسی لڑکیاں ہیں جو خون دیکھ کر ہی بیہوش ہوجاتی ہیں، ہاں لیکن ہم شریف لوگوں کو اتنا دیوار سے نہ لگائیں کہ ہم بدمعاش بن جائیں، کیونکہ جب شریف آدمی بدمعاش بنتا ہے تو بڑے بڑے بدمعاشوں کی بدمعاشی نکل جاتی ہے۔اپوزیشن بچے اس وقت سے جب عمران خان نے نوجوانوں کو کال دے دی
فواد چوہدری نے اسلام آباد میں گرین یوتھ موومنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقسیم ہند سے قبل یہاں ایسٹ انڈیا کمپنی کی حکومت تھی، آج بھی یہاں سامراج کے ایجنٹس موجود ہیں، اور عمران خان ملک کو سامراج کے ایجنٹس سے بچانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ملک کی 63 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور ہم اپنے مستقبل کو چوروں ڈاکوؤں کے حوالے نہیں کرسکتے
انہوں نے شہباز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ چھوٹا ڈان کہتا ہے کہ ملک میں ایسی قومی حکومت بنائی جائے جس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) شامل نہ ہو، قوم نے کبھی آج سے پہلے اس طرح کا قومی بیانیہ سنا ہے کہ چوروں کو بچانے کے لیے حکومت ڈاکوؤں کے حوالے کردو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 63 فیصد آبادی اس وقت نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان نوجوانوں کی عمریں 15 سے 33 سال کے درمیان ہیں، یہ وہ نوجوان ہیں جن کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے اور ان نوجوانوں سے پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے اور ہم اپنے مستقبل کو ان چوروں، ڈاکوؤں کے حوالے کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تجویز کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عقل کے اندھے کہتے ہیں کہ ملک میں قومی حکومت بنائی جائے، ایسی قومی حکومت جو ڈاکوؤں پر مشتمل حکومت ہو اور چوروں کو احتساب سے بچائے۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ میں نے گزشتہ دنوں صرف یہ کہا تھا کہ ہم ڈی چوک اسلام آباد میں دس لاکھ لوگ جمع کریں گے، میں نے یہ نہیں کہا تھا کہ وہ 10 لوگ مخالفین کو ماریں گے یا ان کو تشدد کا نشانہ بنائیں گے، میں نے یہ نہیں کہا کہ وہ لوگ آپ کو دھمکائیں گے، میں نے صرف یہ کہا تھا کہ سیاسی جماعتوں نے کا حق ہے کہ وہ جلسے کریں، میرے اس بیان سے ہی مخالفین کے ہوش اڑ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا میں نے کہا تھا کہ سیاسی جماعتوں کا حق ہے کہ وہ جلسے کرسکیں، سیاسی جلوس نکال سکیں، وہ اپنے لوگوں کو متحرک کرسکیں، میں نے کہا تھا کہ ہم اسلام آباد میں ڈی چوک پر 10 لاکھ لوگ جمع کریں گے، لوگوں کو جمع کرنا ہمارا حق ہے، ہم یہ کریں گے، ہم پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع کرکے دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم لوئر مڈل کلاس لوگوں کی سیاسی جماعت ہیں، ہم تشدد پر یقین رکھنے والے لوگ نہیں ہیں، ہمارے پاس کوئی دہشت گرد ، جھگڑالو ڈنڈا بردار فورس نہیں ہے، ہم سندھ ہاؤس میں اسلحہ چھپا کر نہیں رکھتے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس تو زرتارج گل جیسی لڑکیاں ہیں جو خون دیکھ کرہی بیہوش ہوجاتی ہیں، ہاں لیکن ہم شریف لوگوں کو اتنا مجبور نہ کریں، اتنا دیوار سے نہ لگائیں کہ ہم تشدد کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوجائیں، کیونکہ جب شریف ا?دمی بدمعاش بنتا ہے تو بڑے بڑے بدمعاشوں کی بدمعاشی نکل جاتی ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت پر عالمی سامراج نے حکومت کی، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا لیڈر آیا ہے جو ملک کو عالمی سامراج کے چنگل سے بچانے کے لیے جدو جہد کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کو نوید ہو، خوش خبری ہو کہ یہ مہم بھی ختم ہوگی اور حکومت سروخرو ہوگی۔اس موقع پر انہوں نے ایک شعر پڑھتے ہوئے کہ ‘کیا حسن نے سمجھا ہے کیا عشق نے جانا ہے ہم خاک نشینوں کی ٹھوکر میں زمانا ہے’ کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے نوجوانوں کے مستقبل کی امید ہیں اور ہم اس امید کے ساتھ جیئیں گے اور ساتھ مریں گے
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے تقریب سے خطاب کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنان نے نعرے بازی بھی کی۔ایک موقع پر شرکا نے ڈیزل کے نعرے لگائے جس پر فواد چوہدری نے کہا کہ ڈیزل کہنے سے منع کیا ہے، ڈیزل نہ کہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں جلسے سے خطاب میں کہا تھا کہ انہیں آرمی چیف جنرل باجوہ نے کہا ہے کہ فضل الرحمان کو ڈیزل نہ کہیں
بعد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس ہارس ٹریڈنگ کا مرکز بن گیا، جس طرح منڈیاں لگ رہی ہیں وہ آئین کے خلاف ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس میں بہت ساپیسہ منتقل کرنیکی اطلاعات ہیں، ہارس ٹریڈنگ کے خلاف مضبوط ایکشن پلان کر رہے ہیں
انہوں نے کہاکہ عمران خان جوانوں کے مستقبل کی امید ہے، بچو اس وقت سے جب عمران خان نے نوجوانوں کو کال دے دی، ہم پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع اسلام آباد میں کرکے دکھائیں گے