انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پروزیراعظم، اسد عمر کو الیکشن کمیشن کا نوٹس اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج


اسلام آباد (صباح نیوز)انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کو جاری نوٹسز اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیئے گئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست اسد عمر کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ انتخابی مہم چلانے کے حوالہ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا حکمنامہ خلاف قانون ہے۔ الیکشن کمیشن آرڈیننس کے بعد انتخابی مہم پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی، قانون سازی کے زریعہ پبلک آفس ہولڈر ز کو الیکشن مہم میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم سمیت متعدد وزراء کو 11مارچ کو نوٹس جاری کیا تھا۔

اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور میرے دستخط سے پیٹیشن دائر کی ہے، الیکشن کمیشن کے پاس قانون کی تشریح کا اختیار نہیں تھا۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ان نوٹسز کو غیر قانونی قراردے کر کالعدم قراردیا جائے۔رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران کی پٹیشن پر اعتراض عائد کر دیا۔ اعتراض لگایا کہ وزیر اعظم عمران کا بیان حلفی بھی نہیں ہے اور بائیو میٹرک بھی نہیں ہوئی۔