آصف علی زرداری،مولانا فضل الرحمان کی ملاقات،تحریک عدم اعتماد پر مشاورت


اسلام آباد(صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی جس میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور اپوزیشن کے لانگ مارچ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری کے درمیان دن کے وقت رابطہ ہوا تھا جس میں ملاقات طے پائی۔اس سے قبل مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کی اسلام آباد میں ایم کیو ایم رہنماوں سے ملاقات ہوئی۔ جس کے بعد قائد حزب اختلاف نے کہا کہ بات چیت جاری ہے۔صحافی کے سوال اتحادیوں کی جانب سے تاخیر کیوں ہو رہی ہے ؟ کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ یہ یہ آپ ان سے پوچھیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحادیوں کے حوالے سے ہم پر امید ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ اربن ایریا کی بات کی اور کبھی وزارتوں کی بات نہیں کی۔ ملک میں جمہوری نظام اور پارلیمنٹ کی بالادستی قائم رہنی چاہیے۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم آئینی اور بنیادی حقوق کی ضمانت دینے کو تیار ہیں جبکہ پہلی بار ایک منفرد اور قومی حکومت بننے جا رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں اسی لیے تو آج ایم کیو ایم کے پاس آئے جبکہ چودھری برادران لاہور چلے گئے اس کا معلوم نہیں۔ترجمان ایم کیو ایم کا ملاقات سے متعلق کہنا تھا کہ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔