اسلا م آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کردیا ۔مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن کمشن کے حکم کی خلاف ورزی جرم ہے، عمران صاحب کو سزا ملنی چاہئے۔
الیکشن کمیشن ضابط اخلاق کی شقوں 234، 233، 181 کے تحت عمران صاحب کے خلاف کارروائی کریں، ریاستی وسائل کے استعمال کی خلاف ورزی پر عمران صاحب کو سزا دی جائے، عمران صاحب اپنے طرزِ عمل سے بتا رہے ہیں کہ انہیں آئین اور قانون کا احترام نہیں، آئین، پارلیمنٹ پر حملہ، سول نافرمانی کرنے اور بجلی کے بل جلانے والا الیکشن کمیشن کے احکامات کی صریحا خلاف ورزی کر رہا ہے، الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن ایس 233 کے تحت عمران صاحب کو سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف پوری قوم، آئین اور قانون ہے دوسری طرف عمران صاحب تنہا کھڑے ہیں، آج تقریر میں اربوں کی غیر قانونی فارن فنڈنگ ، ذاتی ملازمین کے ذرئعے منی لانڈرنگ کا حساب لے کر آئیں، آج تقریر میں معاشی تباہی ، بے روزگاری اور مہنگائی کا اعمال نامہ لے کر آئیں، آج تقریر میں ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا حساب لے کر آئیں ،یہ عمران صاحب کی آئین، قانون اور الیکشن کمیشن کے احکامات کے خلاف صریحا جنگ ہے۔