اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کو 18 مارچ کے مجوزہ دورہ ضلع کرم سے روک دیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے وزیراعظم اور وزیراعلی خیبر پختونخوا(کے پی) کو آگاہ کردیا گیا ہے،
دورہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اگر وزیراعظم نے دورہ کیا تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔خیال رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو دورہ لوئر دیر اور سوات میں بھی جلسہ کرنے سے منع کیا تھا تاہم عمران خان نے ان دونوں جلسوں میں شرکت کی تھی۔
کے پی بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ 31 مارچ کو ہونی ہے جس کیلئے وزیراعظم عمران خان خود انتخابی مہم چلا رہے ہیں