دوسو سے زائداراکین عمران نیازی کیخلاف عدم اعتماد کا ووٹ دینگے،سعد رفیق


لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئررہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ 200 سے زائد اراکین قومی اسمبلی عمران نیازی کیخلاف عدم اعتماد کا ووٹ دینگے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں آگے پیچھے گریں گی، کم سے کم مدت میں ضروری قانون سازی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جلد از جلد نئے مینڈیٹ کیلئے عوام کی عدالت لگائی جائے گی، عمران مافیا کے بخیے ادھڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران حکومت کی نالائقی نے پاکستان کومسائل کی دلدل میں پھینک دیا،آنیوالی حکومت درحقیقت مختصر المدت قومی حکومت ہونی چاہئے ،عام انتخابات وقت سے پہلے ہوں ، ملک کوگرداب سے نکالنا کسی ایک جماعت کے بس کا روگ نہیں ،متحد ہوکر پاکستان کوآگے بڑھانا ہوگا۔