اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021 کالعدم قرار


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت بلدیاتی الیکشن کرانے کا حکم دیدیا۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021کے خلاف سابق یو سی چیئرمین سردار مہتاب، سی ڈی اے مزدور یونین اور سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن سمیت دیگر درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

عدالت نے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021 کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015کے تحت کرائے جائیں، اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات نئے آرڈیننس کے تحت نہیں ہوسکتے۔

درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی، قاضی عادل، کاشف ملک اور دیگر وکلا نے دلائل دیے جبکہ حکومتی وکیل نے بتایا تھا کہ 19 نومبر کو پارلیمنٹ کا سیشن ختم ہوا اور 23 نومبر کو آرڈیننس جاری ہوا۔

درخواستوں میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی موجودگی میں آرڈیننس کے ذریعے نیا بلدیاتی نظام لاکر چیئرمین کا کردار محدود کرنے اور آرڈیننس کے باقاعدہ قانون نہ بننے کی صورت میں منتخب نمائندوں کے مستقبل پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔