اسلام آباد(صباح نیوز) رمضان کے مقدس مہینے کی آمد سے قبل احساس راشن رعایت پروگرام بالخصوص پنجاب، کے پی، جی بی، اے جے کے اور اسلام آباد میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ روزانہ 10,000 سے زائد کی ٹرانزیکشنز کی جا رہی ہیں جس میں احساس سبسڈی کی تقسیم روزانہ بڑھ رہی ہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ایک پریس بیان میں کہا ،”جیسے جیسے رمضان کا مہینہ قریب آرہا ہے، احساس راشن رعایت مستحق خاندانوں کی جانب سے متوقع مطالبہ کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ پورے ملک میں 15,000 سے زائد احساس NBP راشن رعایت کے مقامات تیار ہیں جہاں اہل خاندان خریداری کر سکتے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر مزید کریانہ اسٹورز میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا، “ملحقہ کریانہ اسٹورز کو احساس راشن رعایت کے سائن بورڈ کی مدد سے یا گوگل میپ پر “احساس” ٹائپ کرکے تلاش کیا جاسکتا ہے۔اہل خاندانوں کو مرحلہ وار 8171 کے ذریعے ان کی اہلیت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ مستفید ہونے والے رمضان کے لیے خریداری کر رہے ہیں کیونکہ یہ سبسڈی مستحق خاندانوں کے لیے ایک اہم ریلیف ہے۔ وہ تین ماہ (جنوری-مارچ 2022) کی جمع شدہ سبسڈی کا استعمال کر رہے ہیں۔ان لوگوں کے لیے جنہوں نے راشن رعایت کا استعمال نہیں کیا ہے، ان کیلئے سبسڈی کی میعاد ختم نہیں ہوئی ہے، اور وہ جنوری تا مارچ کی مدت کے لیے اپنی جمع شدہ سبسڈی 3,000روپے استعمال کر سکتے ہیں ۔
دوسری طرف، کریانہ ریٹیلرز احساس راشن رعایت کو کاروبار بڑھانے اور مقامی کمیونٹی کی مدد کرنے کے حوالے سے دیکھ رہے ہیں۔ وہ احساس NBP موبائل پوائنٹ آف سیل ایپ کے استعمال کو آسان سمجھتے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے 7 مارچ 2022 کو احساس راشن رعایت کے آ غاز کا اعلان کیا تھا۔ پروگرام میں تین ضروری اشیا- گندم کا آٹا، کوکنگ آئل، گھی اور دالوں کی خریداری پر ماہانہ 30 فیصد سبسڈی شامل ہے۔ 20 ملین اہل خاندانوں میں106 ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے جو 130 ملین افراد کے برابر ہیں۔
اس وقت احساس 8171 ایس ایم ایس سروس احساس راشن رعایت پروگرام کے لیے خاندانوں کی رجسٹریشن کے لیے کھلی ہے۔ 50,000 روپے ماہانہ سے کم آمدنی والے خاندان اپنا CNIC نمبر 8171 پر بھیج کر خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں۔احساس راشن پورٹل (https://ehsaasrashan.pass.gov.pk/) بھی کریانہ ریٹیلرز کو رجسٹر کرنے کے لیے کھلا ہے۔