وزیراعظم کے گھر جانے کا فیصلہ پارلیمان میں ہوگا ڈی چوک پر نہیں،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ ڈی چوک پرعدم اعتماد کے دن جلسہ اور ارکان کا گھیراؤ کرنے کی حکومتی منصوبہ بندی غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ حکومت کھلے عام کشیدگی کا اعلان کر رہی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے تصادم کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ بوکھلاہٹ میں یہ ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے بھی تیار ہیں۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے منگل کے روز توئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس نمبرز پورے ہیں تو عدم اعتماد کو پارلیمان میں چیلنج کرے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے گھر جانے کا فیصلہ پارلیمان میں ہوگا ڈی چوک پر نہیں۔ یہ پر اعتماد ہوتے تو ایک پارلیمانی اور آئینی معاملے کو ڈی چوک پر نہ لے جاتے۔ تحریک انصاف کی سیاست ڈی چوک سے شروع ہوئی تھی ختم بھی وہیں ہوگی۔