اسلام آباد (صباح نیوز ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ قوم جان لے ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں تینوں جماعتیں اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہی ہیں ، انھیں ملک اور قوم کو درپیش مسائل سے کو ئی سرو کار نہیں، ملک قرضوں سے نہیں چلتے، اہل قیادت قوموں کو خود انحصاری کی منزل کی جانب لے کر جاتی ہے،
انھوں نے کہا عوام الیکشن میں جماعت اسلامی کی قیادت پر اعتماد کرے اور ملک کی خدمت کا موقع دے جماعت اسلامی عوام کے محرومیوں کا ازالہ کر ے گی ،کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کریں، الیکشن اپنے جھنڈے اور انتخابی نشان ترازو پر لڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل جی الیون کے دورے کے موقع پر بلد یاتی اُمیدواروں کے جا ئزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ،
اس موقع پر جماعت اسلامی کے اُمیدوار برائے چیئرمین شیراز طارق ، محمود احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا تینوں بڑی پارٹیوں سے وابستہ افراد کے نام عالمی کرپشن کے سکینڈل میں آئے ہیں، جماعت اسلامی کا دامن کرپشن سے پاک، ہمارے ایک فرد نے کبھی قرضہ معاف نہیں کرایا نہ ہمارے نام پاناما لیکس اور پنڈورا پیپرز میں آئے،ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات اور عوامی مفادات میں ٹکراؤ ہے، پی ٹی آئی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے، ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور بدامنی میں گزشتہ پونے چار سال میں مزید اضافہ ہوا ہے، موجودہ حکومت نے ماضی کی حکومتوں کی طرح اداروں کو تباہ کیا اور معیشت برباد کی،
میاں محمد اسلم نے کہا وزیراعظم نے مدینہ کی ریاست کا نام لے کر قوم کے نوجوانوں کو دھوکا دیا اور وہ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، ملک میں سودی معیشت، شراب، عریانی و فحاشی جاری ہے اور دوسری طرف وزیراعظم مدینہ کی اسلامی ریاست کی بات بھی کر رہے ہیں۔