اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے سینئر صحافی اور تجزیہ کار محسن جمیل بیگ کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے محسن جمیل بیگ کی پانچ لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی ہے۔
عدالت نے محسن بیگ کو پانچ لاکھ روپے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے قراردیا ہے کہ اگر ان کے خلاف کوئی اور مقدمہ نہیں ہے تو انہیں رہا کردیا جائے۔ محسن بیگ کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ غیر قانونی اسلحلہ رکھنے کے کیس میں محسن جمیل بیگ کی ضمانت پہلے ہی منظور ہو چکی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے سرکاری پراسیکیوٹر کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محسن جمیل بیگ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو تھوڑی دیر بعد سنا دیا گیا۔ سرکاری پراسیکیوٹر نے محسن جمیل بیگ کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل محسن بیگ کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کر لئے تھے۔واضح رہے کہ محسن جمیل بیگ کو ایف آئی اے نے 17فروری کو وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کی جانب سے دائر شکایت پر گرفتار کیا تھا۔