تحریک عدم اعتماد، اسد قیصر نے اسمبلی سیکرٹریٹ شعبہ قانون سازی سے مشاورت


اسلام آباد(صباح  نیوز)وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے شعبہ قانون سازی سے مشاورت کی ہے۔

وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کیا اور ارکان کی ووٹنگ کے حوالے سے سوالات کئے۔

سپیکر نے سوال کیا کہ منحرف ارکان کو ووٹ ڈالنے سے روک سکتا ہوں ؟ جس پر متعلقہ حکام نے جواب دیا کہ کسی بھی رکن کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جاسکتا، کوئی بھی رکن پارٹی پالیسی کے خلاف جاتا ہے تو کارروائی اس کے عمل کے بعد ہوگی، آئین کا آرٹیکل 63 ون اے بالکل واضح ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سوال کیا کہ وزیراعظم یا پارٹی چیف وہپ مشکوک اراکین کے نام بھجوائے تو پھر کیا ایکشن ہوسکتا ہے ؟ کیا منحرف اراکین سے متعلق ووٹنگ سے پہلے رولنگ دی جا سکتی ہے ؟

اس پر متعلقہ حکام نے جواب دیا کہ اسپیکر پارٹی چیئرمین کے باضابط ڈیکلریشن ملنے کے بعد کردار ادا کرسکتا ہے، اسپیکر کو رولنگ دینے کا اختیار ہے تاہم معاملہ پر آئین و قانون واضح ہے۔