کراچی ( صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کی سب سے بڑی خدمت یہ ہے کہ حکمرانوں سے عوام کو ان کا حق دلوایا جائے ، بنیادی طور پر صحت کی سہولت فراہم کرنا حکومت کام ہے، ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کریں،جماعت اسلامی اور الخدمت کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔کو رونا کی وباء اور ڈیزاسٹر کی صورتحال میں عزت نفس مجروح کیے بغیر الخدمت نے کراچی کے عوام کی خدمت کی،آج کل جانوروں میں پھیلنے والی بیماری کے سد باب کے لیے سب سے پہلے الخدمت نے کیٹل کالونیوںمیں فیومیگیشن کی۔
ان خیالات کا اظہار جمعہ کو الخدمت نارتھ کراچی میڈیکل سینٹر کی توسیع تزئین و آرائش کی تکمیل کے بعدافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے چیف ایگزیکٹیو الخدمت کراچی نوید علی بیگ،اے ڈی سی سینٹرل محمد وسیم،امیر ضلع شمالی محمد یوسف ،ڈائریکٹر میڈیکل سروسزالخدمت کراچی ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے بھی خطاب کیااس موقع پر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے نگراں قاضی صدرالدین و دیگر بھی موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ الخدمت کے ڈاکٹرز اور ان کی پوری ٹیم کے شکر گزار ہیں کہ جن کے تعاون اور کوششوں سے چھوٹا سا اسپتال ایک میڈیکل سینٹر کی شکل اختیار کرگیا ہے۔اس وقت شہر میں الخدمت کے تحت 4 بڑے اسپتال چل رہے ہیں۔ 7 بڑے میڈیکل سینٹر قائم ہیں۔الخدمت کے تحت واٹرفلٹریشن پلانٹ بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ پورے پاکستان میں جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت 20 آغوش سینٹر چل رہے ہیں۔گلستان جوہر میں بھی ایک بڑا آغوش سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ الخدمت کے تحت 18ہزار بچوں کی کفالت کی جارہی ہے۔مستقبل میں الخدمت کا ٹارگٹ 40 بڑے اسپتال قائم کرنا ہے، الخدمت کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ پورے پاکستان میں سب سے زیادہ رضا کار الخدمت کے پاس موجود ہیں .
نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت شہر بھر میں بنیادی انسانی ضروریات کی سہولیات فراہم کرنے کا کام کررہی ہے۔ تعلیم کی سہولت کے لیے ہزاروں اسکول بنائے گئے ہیں۔ پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے شہر بھر میں الخدمت کے واٹر فلٹر پلانٹ کا جال بچھایا ہوا ہے۔ شعبہ صحت میں الخدمت کے تحت شہر میں اچھے اور معیاری اسپتال بنائے گئے ہیں۔ الخدمت کے تحت شعبہ روزگار بھی قائم کیا گیاہے جس کے ذریعے ضرورت مند افراد کو روزگار فراہم کیا جاتا ہے۔الخدمت کے تحت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا شعبہ قائم کیا ہے۔ کوویڈ کے آغاز سے ہی الخدمت نے کراچی کے ہزاروں شہریوں کی مدد کی اور الخدمت کے تحت موبائل یونٹ کے ذریعے ویکسینیشن کی گئی ۔
محمد وسیم الدین نے کہا کہ الخدمت کی کوششیں لائق تحسین ہیں ، آج میڈیکل سینٹر کے توسیع ، تزئین و آرائش کے بعد اہل علاقہ کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی ۔ محمد یوسف نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ جس نے الخدمت ہے تحت نارتھ کراچی سمیت کراچی کے عوام کے لیے تعلیم، پینے کے پانی سمیت صحت کی سہولت کے لیے میڈیکل سینٹر بنانے کی توفیق دی۔ امید ہے کہ الخدمت میڈیکل سینٹر نارتھ کراچی اپنی توسیع کے بعد علاقہ مکینوں کے لیے مزید مفید ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے کہا کہ الخدمت کا مشن اور مقصد خدمت خلق ہے۔ کراچی کے ہزاروں شہری الخدمت کی سروسز سے استفادہ کررہے ہیں۔ الخدمت کے تحت ایک عام شہری بھی اچھا اور معیاری علاج باآسانی سے کروالیتا ہے۔ حکمران طبقہ اپنے اور اپنے بچوں کا علاج بیرون ملک میں جاکر علاج کرواتا ہے۔#