آئی سی ٹی کے شعبے میں انسانی وسائل کی تربیت اور مہارت پر توجہ دینا ہوگی، ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک کے آئی سی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شعبے میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مراعات کے پیش نظر ترقی کی بہت زیادہ صلاحیت ہے، پاکستان کو چوتھے صنعتی انقلاب کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ کمانے کے لیے آئی سی ٹی کے شعبے میں انسانی وسائل کی تربیت اور مہارت پر بھی توجہ دینا ہوگی۔

صدر مملکت نے یہ باتیں ایوان صدر میں پاکستانی نژاد امریکیوں کو آئی سی ٹی کے شعبے میں شامل کرنے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داد، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور، معاون خصوصی برائے ای کامرس سینیٹر عون عباس بپی، سیکرٹری وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت، امریکہ کے لئے نامزد سفیر سردار مسعود خان، ہائر ایجوکیشن کمیشن، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے نمائندوں اور حکومت کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ سیلیکون ویلی سے ممتاز پاکستانی کاروباری شخصیات اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے شرکا کو پاکستان نیشنل سیمی کنڈکٹر پلان کی ترقی پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سیمی کنڈکٹرز کے شعبے میں انسانی وسائل کی تربیت کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں جس میں ترقی اور سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش اور امکانات ہیں۔ شرکا کو الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریاں بنانے کے منصوبے، آٹ سورسڈ سیمی کنڈکٹر اسمبلی ٹیسٹ  کے قیام اور متعلقہ صنعتوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آئی ٹی کی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور پاکستان کو چوتھے صنعتی انقلاب کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ کمانے کے لیے آئی سی ٹی کے شعبے میں اپنے انسانی وسائل کی تربیت اور مہارت کی ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے وینچر کیپٹل اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز کو راغب کرنے کے لیے ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جس سے ملک کی اقتصادی ترقی کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے متعلقہ شراکت داروں پر زور دیا کہ پاکستان میں آئی ٹی کمپنیاں قائم کرنے کے خواہشمند سیلیکون ویلی امریکہ کے پاکستانی نژاد آئی ٹی ماہرین کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ صدر نے امریکہ میں مقیم آئی ٹی ماہرین کو ملک کے آئی سی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔